بھٹکل 21/ جون (ایس او نیوز) مٹھلّی گرام پنچایت حدود کے تلان میں واقع آشریہ کالونی میں سڑک تعمیر کا مسئلہ ایک زمانے سے التوا میں پڑا ہوا تھا جسے حل کرنے کے لئے ایم ایل اے سنیل نائک نے فنڈ جاری کیا مگر تعمیری کام اب بھی نامکمل پڑا ہوا ہے جس سے ناراض مقامی لوگوں نے بطور احتجاج گرام پنچایت دفتر کا محاصرہ کیا۔
بتایا جاتا ہے کہ تلان کی آشریہ کالونی میں کانکریٹ روڈ بنانے کے لئے ایم ایل اے فنڈ سے 40 لاکھ روپے منظور ہوئے ۔ ٹھیکیدار نے تقریباً %75 کام بھی مکمل کیا مگر ایک مرحلے پر شیرالی کے رہنے والے ایک شخص نے یہ تنازع کھڑا کیا کہ اس راستے پر وہ زمین بھی ہے جو حکومت کی طرف سے اس کو منظور ہوئی ہے ۔ اس لئے اس زمین کی نشاندہی کرکے اس سے ہٹ کر سڑک کی تعمیر کی جائے ۔ اس تکرار کی وجہ سے سڑک کی تعمیر کا کام پھر سے التوا میں چلا گیا۔
اس بات سے ناراض 100 کے قریب مرد و خواتین نے پنچایت دفتر کا محاصرہ کیا پنچایت صدر کے سامنے فوراً سڑک کا بقیہ تعمیری کام مکمل کرنے کی مانگ رکھی ۔ اس موقع پر پنچایت صدر شیشو نائک اور رکن گنپتی نائک نے لوگوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے اس شرط کے ساتھ کانکریٹ سڑک کا کام پورا کرنے کا وعدہ کیا کہ اگر آنے والے دنوں میں کوئی قانونی مسئلہ پیدا ہوتا ہے تو پھر اُس وقت عوام کو پوری طرح تعاون کرنا پڑے گا۔
